ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چنڈی گڑھ: ہائی کورٹ نے بی جے پی کو دیا جھٹکا، 30 جنوری کو میئر الیکشن کرانے کا حکم

چنڈی گڑھ: ہائی کورٹ نے بی جے پی کو دیا جھٹکا، 30 جنوری کو میئر الیکشن کرانے کا حکم

Wed, 24 Jan 2024 22:48:34    S.O. News Service

چنڈی گڑھ، 24/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے بی جے پی کو آج شدید جھٹکا لگا ہے۔ بدھ کے روز ہائی کورٹ نے چنڈی گڑھ انتظامیہ کو 30 جنوری کو میئر کا انتخاب کرانے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل عآپ اور کانگریس کے ساتھ آنے پر 18 جنوری کو چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب اچانک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پنجاب او رہریانہ ہائی کورٹ کی جج جسٹس سدھیر سنگھ اور جسٹس ہرش بنگر کی ڈویژنل بنچ نے 18 جنوری سے 6 فروری تک انخاب ملتوی کرنے کے ڈپٹی کمشنری کے حکم کو چیلنج دینے والی عآپ کونسلر کلدیپ کمار کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے بدھ کو یہ ہدایت دی۔

عآپ کونسلر کلدیپ کمار نے 24 گھنٹے کے اندر انتخاب کرانے اور انتخاب کی نگرانی کے لیے ایک کورٹ کمشنر کی تقرری کا مطالبہ کیا تھا۔ کورٹ نے حکم دیا کہ کونسلر اپنے حامی ساتھ نہیں لائیں گے، دوسری ریاست کی سیکورٹی لے کر نہیں آئیں گے۔ کورٹ نے چنڈی گڑھ پولیس کو ان کی سیکورٹی یقینی کرنے کو کہا ہے۔ ججوں نے کہا کہ انتخاب صبح 10 بجے ہوگا اور مقررہ اتھارٹی پریزائڈنگ افسر کو نامزد کرے گا۔

اس سے قبل بی جے پی حکمراں چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب 18 جنوری کو عین ووٹنگ سے قبل پریزائڈنگ افسر انل مسیح کی طبیعت خراب ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ انتظامیہ نے میئر، سینئر ڈپٹی میئر عہدہ کے لیے 6 فروری کو انتخاب کرانے کا اعلان کیا تھا۔

مشترکہ طور پر انتخاب لڑ رہی عآپ اور کانگریس کے کونسلروں نے آخر وقت میں انتخاب ملتوی کرنے پر احتجاج درج کرایا تھا اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ شکست کے خوف سے انتخاب ملتوی کرایا گیا ہے۔ عآپ نے میئر انتخاب کو بی جے پی کے خلاف ’انڈیا‘ اتحاد کی پہلی لڑائی اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے پردہ اٹھانے والا بتایا تھا۔

واضح رہے کہ چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے 35 رکنی ایوان میں بی جے پی کے پاس رکن پارلیمنٹ اور نامزد رکن کرن کھیر کے ووٹ کے ساتھ 14 کونسلر ہیں۔ عآپ کے پاس 13 کونسلر ہیں، جبکہ کانگریس کے پاس 7 کونسلر ہیں۔ ایوان میں شرومنی اکالی دل کا بھی ایک کونسلر ہے۔ ایسے میں عآپ اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہونے سے انڈیا اتحاد کی آسان اور واضح جیت دکھائی دے رہی تھی۔ عآپ اور کانگریس نے بی جے پی پر اسی خوف سے انتخاب ملتوی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔


Share: